
کیا آپ گوگل اینالیٹکس کے بارے میں جانتے ہیں؟ اگر نہیں جانتے تو کوئی بات نہیں۔۔۔ میں بھی کچھ ماہ پہلے تک نہیں جانتا تھا لیکن ایک ملاقات میں ابوشامل نے مجھے اس بارے میں مختصرا بتایا۔۔۔ اور پھر جب میں نے اس کا استعمال شروع کیا تو مجھے بے حد حیرت ہوئی۔
گوگل اینالیٹکس۔۔۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، گوگل کی سروس ہے۔ اس سروس کو استعمال کرنے کے لیے آپ کو سائن۔اپ کرنا پڑے گا جو کہ بالکل مفت ہے۔ اگر آپ کے پاس گوگل کا اکاونٹ ہے تو اسی کی معلومات فراہم کرکے پہلے سائن۔ان ہوجائیں۔۔۔ اس کے بعد سامنے آنے والے صفحہ پر صرف ایک کلک کے ذریعہ آپ اس سروس کے لیے سائن۔اپ ہوجائیں گے۔
ایگریمنٹ وغیرہ سے متفق ہونے کے بعد آپ کو ایک کوڈ دیا جائے گا۔۔۔ آپ نے کرنا یہ ہے کہ اس کوڈ کو اپنی ویب سائٹ کے پہلے صفحہ (عام طور سے انڈیکس پیج) پر چسپاں کردیں۔ اگلے ہی دن سے آپ کو گوگل اینالیٹکس پر اپنی ویب سائٹ کے بارے میں رپورٹ ملنا شروع ہوجائے گی۔
یہ آپ کی ویب سائٹ کے صارفین کا تفصیلی ریکارڈ رکھتی ہے۔ اتنا تفصیلی کہ مجھے پہلے اس کا اندازہ نہیں تھا۔ کتنے صارفین آئے؟ کس ملک سے کتنے آئے؟ ان کے پاس ویب براؤزر کون سا تھا؟ ان کا آپریٹنگ سسٹم کون سا تھا؟ ان کی اسکرین ریزولیشن اور اسکرین کلرز کتنے تھے؟ ان کے براؤزر میں جاوا اور فلیش فعال تھا یا نہیں؟ انہوں نے آپ کی ویب پر کتنی دیر قیام کیا؟ وغیرہ وغیرہ۔۔۔
کچھ اسکرین شاٹس دیکھئے۔۔۔

Map Overlay نقشہ میں ان ممالک کو ظاہر کررہا ہے جہاں سے آپ کی سائٹ کو دیکھا گیا۔ آپ اپنا ماوس کرسر جس جگہ لے کر جائیں گے، ایک چھوٹے سے دریچہ میں اس مقام کا نام اور وہاں سے آنے والے صارفین کی تعداد ظاہر ہوجائے گی۔

یہ چارٹ ظاہر کررہا ہے کہ صارفین کون سا ویب براؤزر استعمال کررہے ہیں۔۔۔!
ایسے ہی بائیں جانب آپ کو بہت سے مفید روابط نظر آئیں گے۔۔۔
ان سب کا فائدہ؟؟؟ تو فائدہ یہ ہے کہ ان اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے آپ اپنی ویب سائٹ یا بلاگ کو ترتیب دے سکتے ہیں۔ اگر آپ دیکھتے ہیں کہ آپ کی سائٹ کے زیادہ تر صارفین انٹرنیٹ ایکسپلورر استعمال کررہے ہیں تو آپ کو چاہئے کہ اپنی سائٹ بناتے ہوئے اس بات کا خاص خیال رکھیں کیونکہ فائر فوکس اور انٹرنیٹ ایکسپلورر کا نتیجہ یکساں نہیں ہوتا۔
اس کے علاوہ اگر آپ دیکھتے ہیں کہ صارفین کی زیادہ تعداد کے پاس فلیش یا جاوا فعال نہیں ہے تو بہتر ہوگا کہ آپ سائٹ پر فلیش یا جاوا کے استعمال سے گریز کریں۔ اسی حساب سے اسکرین ریزولیشن بھی کافی اہمیت رکھتی ہے۔۔۔
میں نے صرف مختصر بتانے کی کوشش کی ہے کیونکہ خود مجھے بھی دعوی نہیں ہے کہ میں گوگل اینالیٹکس کو بالکل اچھی طرح جانتا ہوں۔۔۔ سو، تعارف میں نے کرادیا ہے، آگے آپ کھنگالیں۔ 
بیسٹ آف لک۔۔۔!