No Gravatar

بسم اللہ الرحمن الرحیم
السلام علیکم
پٹھو ٹیلی ویژن (پی۔ٹی۔وی) کے خبرنامے میں خوش آمدید۔

ظلِ الٰہی عالم پناہ شہنشاہ پرویز مشرف نے شاہی محل میں اپنے پٹھوؤں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ذاتی دلچسپی کے امور زیرِ بحث آئے۔ شہنشاہ نے نوید سنائی کہ عوام (یعنی شہنشاہ کے پٹھو) بہت خوش ہیں اور انہوں نے حکومت (یعنی شہنشاہ) پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

حکومتِ پاکستان کے ملازمِ خاص المعروف وزیر اعظم شوکت وزیر نے پٹھو ٹیلی ویژن کو خصوصی انٹرویو میں اعلان کیا کہ الیکشن بالکل شفاف ہوں گے۔۔۔ اتنے شفاف کہ ان میں غیر شفاف لوگوں کو ووٹ ڈالنے کی بھی اجازت نہیں ہوگے، ووٹ صرف شفاف ترین مخلوق ڈال سکے گی یعنی فرشتے۔

پٹھو ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ ہم پرویزی پٹھوؤں کے ہوتے ہوئے کسی دوسرے چینل کی ضرورت باقی نہیں رہتی اور عوام بے حد خوش ہے کہ ہم نے انہیں صحت مند خبریں فراہم کی ہیں جن کا آغاز شہنشاہ کے نام پاک سے اور اختتام شہنشاہ کے ملازموں کے تذکرہ پر ہوتا ہے کیونکہ ملک میں صرف یہی لوگ ہیں جو صحتمند اور شفاف ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کے تمام پٹھو بشمول پٹھو ٹیلی ویژن عوام کو اسی طرح الو بنانے، ٹوپیاں پہنانے، گپیں سنانے کا فریضہ انجام دیتے رہیں گے۔

یہ تو تھیں اب تک کی خاص خاص خبریں۔۔۔ اب کچھ رسمی خبریں۔

کشمیر میں بھارت نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ باشندوں کو شہید کردیا ہے۔۔۔ (خبردار! کوئی شرپسند اس خبر کا ہمارے وطن کی فوج کی قیامِ امن کی کوششوں سے تقابل نہ کرے)

عراق میں امن و امان کی نازک صورتحال۔ مختلف شہروں میں بم دھماکے۔ متعدد ہلاک۔ درجنوں زخمی۔
(تاہم ہمارے ملک میں چاہے ایٹم بم ہی کیوں نہ گرادیا جائے، امن و امان کی صورتحال مکمل قابو میں ہے)

افغانستان میں نیٹو فورسز کی کاروائی۔ پچیس شرپسند ہلاک۔
(اوئے! ہمارے ملک میں نیٹو فورسز کاروائی کریں تو انہیں کون سا پٹھو جارحیت اور ملکی سلامتی و خودمختاری پر آنج آنا قرار دیتا ہے؟)

اب آپ سنیں گے موسم کی صورتحال۔

موسم ہمیشہ کی طرح گرما گرم۔۔۔ خون کی برسات۔۔۔ خون کی ہولی۔۔۔ درجہ حرارت پل پل بدلتا رہا۔

اب پیش ہیں کھیلوں کی خبریں۔
اس وقت ہمارے ملک میں ایک ساتھ کئی ٹورنامنٹس کھیلے جارہے ہیں۔
واپڈا اور عوام کے درمیان آنکھ مچولی۔
وکلاء اور حکومت کے درمیان گلی ڈنڈا۔
حزبِ اقتدار و حزبِ اختلاف کے درمیان گولہ باری۔

چونکہ یہ ٹورنامنٹس بے حد طویل ہیں، اس لیے ان کی مکمل تفصیل فراہم کرنا ممکن نہیں۔۔۔ آخر وہ اشتہار بھی تو چلنا ہے نا۔۔۔ کہ فرق پڑتا ہے۔۔۔۔ اصل کمینوں سے۔۔۔ حقیقی خبیثوں سے۔۔۔!

اپنا قیمتی وقت دینے کا شکریہ۔