مولوی؟
297 views August 31, 2007 | راہبروقت کے ساتھ ساتھ لوگوں کے رجحانات بدلتے ہیں۔ آج کل ہمارے ہاں رجحان ہے، دین میں نئی نئی اختراعات پیدا کرنے کا اور مولوی کو بدنام کرنے کا۔ ہر ایک بہتی گنگا میں اپنا ہاتھ دھو رہا ہے۔ ایسے میں، اگرچہ کافی دنوں سے میرے ذہن میں کچھ نکات تھے جو کہ مولوی حضرات پر مناسب اعتراضات کی صورت تھے لیکن بہرحال میں اس گفتگو کو اس لیے مؤخر کررہا ہوں کہ مجھے دوسروں کے ساتھ گنگا میں نہانے کا کوئی شوق نہیں۔ ![]()
کئی بلاگرز اسی مسئلہ میں الجھے ہیں، محفل پر دیکھتا ہوں تو وہاں بھی یہی بحث نظر آتی ہے۔ کیا ہے یہ سب؟ ہم قرآن کو خود سمجھنے کی کوشش نہیں کرتے اور اگر کوئی دوسرا شخص قرآن سمجھ کر ہمیں سمجھاتا ہیں تو ہم کہتے ہیں کہ اس کی کیوں سنیں؟ ہم تو خود پڑھیں گے۔۔۔ خود سمجھیں گے۔۔۔!
اچھائی، برائی ہر جگہ ہوتی ہے۔۔۔ یہ قاعدہ تو شروع ہی سے رہا ہے۔ اب یہ کیسا انصاف ہے کہ چند نا اہل لوگوں کے سبب آپ تمام مولوی حضرات کو یک لخت جاہل، بے کار، گنوار، اور دیگر احمقانہ خطابات سے نواز دیں۔۔۔! اگر آپ کو کوئی اچھا مولوی نہیں ملا تو یہ آپ کی قسمت، لیکن اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ تمام اچھے مولوی حضرات ختم ہوچکے ہیں؟
اس طرح کی مسلسل تنقید سے کیا حاصل ہوگا؟ فرض کریں کہ سب مل کر ایک محاذ قائم کردیتے ہیں مولویت کے خلاف، صحیح؟ مولوی کو سب سے نچلا درجہ دیتے ہیں۔۔۔ اس کے بات سننا چھوڑ دیتے ہیں۔۔۔ اس کو چھوت قرار دیتے ہیں۔۔۔ اس کے بعد؟؟؟ سب مسئلہ حل ہوجائے گا؟ ہاں آپ کو اس طرح مادر پدر آزادی مل جائے گی۔۔۔!
قرآن پاک میں ارشاد ہوا ہے کہ تم مسلمانوں میں ایک جماعت ہونی چاہئے جو نیکی کی طرف بلائے اور برائی سے دور کرے۔۔۔ آج کے دور میں مولوی حضرات کے علاوہ دوسری کون سی جماعت ہے ایسی جو خدا کا یہ حکم بجا لائے؟؟؟
اور سب باتیں چھوڑیں۔۔۔ گولی ماریں ہر بحث کو۔۔۔ بس اتنا عرض کریں کہ اگر تمام مولوی اتنے ہی بے کار ہیں، اتنے ہی جاہل، گنوار ہیں تو ازراہِ کرم آپ ہی اس شعبہ میں آجایئے۔۔۔ آپ کو اگر اس مولوی کی سمجھ نہیں آتی تو آپ پانچ وقت کی نماز پڑھانا شروع کردیں۔ آپ مدرسہ میں بچوں کو قرآن کی اور اسلام کی تعلیم دینا شروع کردیں۔۔۔ اگر آپ یہ کام کرتے ہیں تو سبحان اللہ، بارک اللہ اور اگر نہیں کرتے تو چپ کرکے بیٹھئے اور جو لوگ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا نیک فریضہ انجام دے رہے ہیں، ان کو یہ کام کرنے دیجئے۔
